اڈپی 28؍فروری (ایس او نیوز)کاپ کے علاقے میں ڈرینیج پائپ لائن اور مین ہول کے لئے زمین کی کھدائی کرنے کے دوران زمین ڈھلنے سے دو مزدور مٹی اور کیچڑ کے اندر زندہ دفن ہوگئے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق کرناٹکا واٹر سپلائی اینڈ ڈرینیچ بورڈ کی طرف سے اڈپی کے کاپ میں ڈرینیج سسٹم کے لئے پائپ لائن کا یہ3کروڑ روپے لاگت کا منصوبہ دیوی پرساد کنسٹرکشن کوملا تھا جس نے کھدائی کا کام ایک سب کنٹراکٹر ناگراج کو سونپاتھا۔ زیادہ تر کھدائی جے سی بی مشین سے کی گئی تھی ۔ کنٹراکٹ پر کام کرنے والے داسپّا(49سال) اور امیش(41سال) نامی دو مزدور اوپر کنارے پر کھڑے ہوکر کھودی گئی زمین کا ناپ لے رہے تھے کہ سڑک پر جاری بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت سے زمین میں ارتعاش زیادہ ہوگیا اور اچانک کناروں کی مٹی ڈھل گئی اور دونوں مزدور گہرے گڈھے میں مٹی اور کیچڑ تلے دب گئے۔ پہلے تو جے سی بی مشین سے مٹی نکالنے کی کوشش کی گئی مگر مزدوروں کو نقصان پہنچنے کے خوف سے دیگر مزدوروں اورعام لوگوں نے اپنے ہاتھوں سے مٹی نکالنی شروع کی۔ تقریباً آدھے گھنٹے کی مشقت کے بعد ان دونوں کو باہر نکالا گیا اور ایمبولینس کے ذریعے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
کاپ کے ایم ایل اے ونئے کمار سوراکے، سابق ایم ایل اے لالہ جی مینڈن،کانگریس ضلع صدر نوین چندراشیٹی اور دیگر لیڈروں نے موقع پر پہنچ کر حالات کاجائزہ لیا۔اس کے علاوہ ایڈیشنل پولیس کمشنر کمار چندرا، کاپ سرکل انسپکٹرہالامورتی راؤ اور دیگر پولیس افسران اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔